بیجنگ میں روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن کی صدر شی جن پنگ سے ملاقات
ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن نے چین کے صدر شی جن پنگ سے عظیم عوامی ہال (Great Hall of the People) میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات میشوسٹن کے دو روزہ سرکاری دورۂ چین کے اختتامی موقع پر ہوئی۔ ملاقات کے آغاز میں دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور تصویریں کھنچوائیں، جس کے بعد باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہوا۔ روسی وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزرائے اعظم تاتیانا گولیکووا، دمتری چیرنی شینکو، یوری ٹروتنیف اور الیگزینڈر نووک شامل تھے۔ اس کے علاوہ چین میں روس کے سفیر ایگور مورگولوف، وزیر زراعت اوکسانا لوت، وزیر اقتصادی ترقی میکسم ریشتنیکوف، وزیر خزانہ انطون سیلیوانوف، وزیر ٹرانسپورٹ آندرے نیکیتن، نائب وزیر خارجہ آندرے رودینکو اور مرکزی بینک کے نائب چیئرمین الیکسی گوزنوف بھی وفد کا حصہ تھے۔
چینی وفد میں وزیر خارجہ وانگ یی، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے چیئرمین ژینگ شنجی، وزیر تجارت وانگ وینتاو، وزیر خزانہ لان فوآن، روس میں تعینات چینی سفیر ژانگ ہان ہوئی، صدر کے معاون لو لہوا، صدر کے دفتر کے سربراہ ہان شمن اور وزارت خارجہ کے یورپ و وسطی ایشیا امور کے ڈائریکٹر لیو بن شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں باہمی تجارتی و معاشی تعلقات، لاجسٹک نیٹ ورکس، توانائی کے اشتراک، ہائی ٹیک شعبے میں تعاون اور زراعت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔