شدید کے زلزلے کے باوجود روسی سرجنوں نے مریض کا آپریشن مکمل کیا
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے مشرقی علاقے کیمچاٹکا میں 8.8 شدت کے شدید زلزلے کے دوران سرجنوں نے غیرمعمولی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک حساس اور کھلا آپریشن بغیر رکے مکمل کیا۔ یہ زلزلہ بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے کے قریب ساحلی علاقے میں زیرِ سمندر آیا، جو روسی اکیڈمی آف سائنسز کے ارضیاتی ادارے کے مطابق 1952 کے بعد اس علاقے میں سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔ زلزلے کے فوری بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔ اس دوران ایک علاقائی کینسر کلینک کے آپریشن تھیٹر کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے دنیا کو حیران کردیا، جس میں دیکھا گیا کہ سرجن ٹیم نے جھٹکوں کے دوران مریض کو سنبھالا، آلات کو محفوظ بنایا اور زلزلہ رکنے کے فوراً بعد بغیر گھبراہٹ کے اپنا کام دوبارہ شروع کردیا۔ اس ٹیم کی سربراہ سرجن لیوبوف تسی پلاکووا اور ان کی ساتھی ڈاکٹر یانا گوزدیوا نے روسی میڈیا کو بتایا ایسے حالات میں رکنا ممکن نہ تھا، کیونکہ مریض بے ہوشی کی حالت میں تھا اور 5 سے 6 منٹ کے جھٹکوں کے دوران اگر وہ ہوش میں آ جاتا تو جان کو خطرہ ہوتا۔
خوش قسمتی سے آپریشن مکمل طور پر کامیاب رہا۔ اس بہادری اور پیشہ ورانہ فرض شناسی کے اعتراف میں کیمچاٹکا کے گورنر ولادیمیر سولودوف نے اعلان کیا ہے کہ اس ٹیم کو روسی ریاستی اعزازات کے لیے نامزد کیا جائے گا۔ کیمچاٹکا خطہ بحرالکاہل کے گرد موجود “رِنگ آف فائر” کا حصہ ہے، جہاں دنیا کے 75 فیصد فعال آتش فشاں پائے جاتے ہیں۔ زلزلے اور آتش فشانی دھماکے یہاں معمول کا حصہ ہیں۔ زلزلے کے بعد کلُوچیف سکوئی آتش فشاں نے بھی لاوا اُگلنا شروع کردیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق یہ زلزلہ دنیا بھر میں 2011 میں جاپان میں آنے والے تباہ کن توہوکو زلزلے کے بعد سب سے طاقتور زلزلہ تھا، اور 1900 کے بعد ریکارڈ کیے گئے دس بڑے زلزلوں میں شامل ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے بتایا کہ کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، صرف معمولی بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، جس کا کریڈٹ علاقے میں سخت عمارتوں کے معیارات اور بروقت وارننگ سسٹم کو جاتا ہے۔ زلزلے کے بعد بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مزید کئی جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 5.0 سے 6.0 کے درمیان تھی، اور یہ پے در پے دس منٹ سے کم وقت میں کیمچاٹکا کے مختلف حصوں میں 212 کلومیٹر سے لے کر 402 کلومیٹر دور پیٹروپاولووسک-کیمچاٹسکی شہر کے نزدیک ریکارڈ کیے گئے۔