روس کی آئس ہاکی ٹیم پر 2026 سرمائی اولمپکس میں شرکت پر پابندی
ماسکو (صداۓ روس)
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے روس کی آئس ہاکی ٹیم کو 2026 میں اٹلی میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں شرکت سے روک دیا ہے۔ بین الاقوامی آئس ہاکی فیڈریشن (آئی آئی ایچ ایف) کے صدر لوک ٹارڈیف نے پیر کے روز روسی خبر رساں ادارے تاس سے بات کرتے ہوئے اس فیصلے کی تصدیق کی۔ گزشتہ ہفتے امریکی نشریاتی ادارے ای ایس پی این نے اطلاع دی تھی کہ آئی او سی نے روسی ٹیموں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تاس کے نمائندے کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کہ آیا یہ فیصلہ حتمی ہے، ٹارڈیف نے کہا: “اولمپکس کے بارے میں فیصلہ آئی او سی کا ہے۔”
فروری میں آئی آئی ایچ ایف نے روس اور بیلاروس کی ٹیموں پر اپنی پابندی کو مزید توسیع دی تھی، جس کے تحت یہ دونوں ممالک 2025-26 کے سیزن میں فیڈریشن کے کسی چیمپئن شپ ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ آئی آئی ایچ ایف نے یہ فیصلہ آئی او سی کی سفارش پر کیا تھا، جیسا کہ کئی دیگر عالمی کھیلوں کی تنظیمیں بھی یوکرین تنازع کے شدت اختیار کرنے کے بعد روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں پر پابندیاں عائد کر چکی ہیں۔ بعد ازاں آئی او سی نے بعض روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں کو غیر جانبدار پرچم تلے شرکت کی اجازت دی، بشرطیکہ وہ ایک جانچ کے عمل سے گزریں تاکہ یہ طے ہو سکے کہ انہوں نے یوکرین جنگ کی حمایت نہیں کی۔
ای ایس پی این کے مطابق مارچ 2023 میں آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ کی سفارش اب بھی نافذ العمل ہے، جس کے تحت روسی پاسپورٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کی انفرادی غیر جانبدار حیثیت تسلیم کی جا سکتی ہے، مگر “ایک گروپ یا ٹیم کو غیر جانبدار کھلاڑیوں کی ٹیم نہیں کہا جا سکتا۔” گزشتہ ہفتے روسی اولمپک کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ وہ قومی آئس ہاکی ٹیم پر عائد اس پابندی کو چیلنج کرے گی۔ ماسکو نے کئی بار آئی او سی کی پابندیوں کو اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی اور کھیلوں میں سیاسی مداخلت قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ 2026 کے سرمائی اولمپکس اٹلی کے شہروں میلان اور کورٹینا دی آمپیتزو میں فروری میں منعقد ہوں گ