روس کے بین الاقوامی ذخائر نئی بلند ترین سطح پر، 763 ارب ڈالر سے تجاوز
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے بین الاقوامی مالی ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ روسی مرکزی بینک کے مطابق 26 دسمبر 2025 تک روس کے بین الاقوامی ذخائر 11.3 ارب ڈالر کے اضافے کے بعد 763.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ مرکزی بینک کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف ایک ہفتے کے دوران ذخائر میں 1.5 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ اثاثوں کی مثبت ری ویلیوایشن (ازسرِ نو قدر بندی) رہی۔ اس سے قبل روس کے بین الاقوامی ذخائر کا سابقہ ریکارڈ 19 دسمبر کو قائم ہوا تھا، جب یہ 752.6 ارب ڈالر تک پہنچے تھے۔ بیان کے مطابق روس کے بین الاقوامی ذخائر میں وہ تمام انتہائی مائع غیر ملکی اثاثے شامل ہیں جو روسی مرکزی بینک اور حکومتِ روس کے پاس موجود ہیں۔ ان ذخائر میں غیر ملکی کرنسی، اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (SDRs)، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ میں ریزرو پوزیشن اور مانیٹری سونا شامل ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین میں روس کی خصوصی فوجی کارروائی کے آغاز کے بعد مغربی ممالک نے روسی مرکزی بینک پر سخت پابندیاں عائد کی تھیں، جن کے تحت روس کے سونے اور غیر ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر منجمد کر دیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ مرکزی بینک کے اثاثوں کے انتظام سے متعلق تمام مالی لین دین اور اس کی ہدایات پر کام کرنے والے اداروں کے ساتھ معاملات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس کے باوجود روس کے بین الاقوامی ذخائر کا نئی ریکارڈ سطح تک پہنچنا عالمی مالیاتی منظرنامے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔