روس کے نئے ہتھیار ایک صدی تک اسٹریٹجک برتری کو یقینی بنائیں گے، روسی صدر

Putin Putin

روس کے نئے ہتھیار ایک صدی تک اسٹریٹجک برتری کو یقینی بنائیں گے، روسی صدر

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس کے تازہ ترین ایٹمی ہتھیار، جن میں بوریویستنک (Burevestnik) نیوکلیئر کروز میزائل اور پوسائیڈن (Poseidon) زیرِ آب ڈرون شامل ہیں، آنے والی پوری 21ویں صدی تک ملک کی اسٹریٹجک برتری کو یقینی بنائیں گے۔ صدر پوتن نے یہ بات منگل کے روز ایک خصوصی تقریب میں کہی، جس میں ان ماہرین اور انجینئروں کو ایوارڈز دیے گئے جنہوں نے ان جدید ہتھیاروں کی تیاری میں حصہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ہتھیاروں کے کامیاب تجربات کوئی اچانک پیش رفت نہیں بلکہ طویل المدتی منصوبہ بندی اور مسلسل تحقیق کا نتیجہ ہیں۔ پوتن نے کہا ہمارا ملک کسی کو دھمکی نہیں دے رہا۔ روس، دیگر ایٹمی طاقتوں کی طرح، اپنے دفاعی اور اسٹریٹجک صلاحیتوں کو بہتر بنا رہا ہے۔ ان کے مطابق بوریویستنک میزائل ناقابلِ تصور حد تک طویل رینج رکھتا ہے، جبکہ پوسائیڈن ڈرون کی رفتار کسی بھی جدید بحری جہاز سے کئی گنا زیادہ ہے۔ صدر نے مزید بتایا کہ روس پہلے ہی بوریویستنک کے پاور یونٹ پر مبنی ایک نیا سپرسونک میزائل تیار کر رہا ہے۔

پوتن نے کہا آپ کا حاصل کردہ نتیجہ ہماری قوم کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ دہائیوں بلکہ پوری 21ویں صدی کے لیے روس کی سلامتی اور اسٹریٹجک توازن کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان ہتھیاروں کی تیاری کے دوران تیار کی گئی جدید نیوکلئیر پاور ٹیکنالوجی مستقبل میں شمالی قطب (Arctic) کے لیے چھوٹے پاور پلانٹس اور خلا کی گہرائیوں کی دریافت میں بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔

Advertisement