بسنت کیلئے پتنگوں اور ڈور کی فروخت آج سے شروع

Basant Basant

بسنت کیلئے پتنگوں اور ڈور کی فروخت آج سے شروع

لاہور(صداۓ روس)
لاہور میں بسنت کے تہوار کی تیاریوں کے سلسلے میں آج سے پتنگوں اور ڈور (مانجھا) کی فروخت شروع ہو جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے اب تک 2246 ٹریڈرز کو پتنگوں اور ڈور فروخت کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کے لیے مجموعی طور پر 2504 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 95 درخواستیں مسترد کر دی گئیں جبکہ 163 ٹریڈرز کی رجسٹریشن کا عمل ابھی جاری ہے۔ رجسٹریشن کا یہ عمل 8 فروری تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب بسنت کی تیاریوں، سیفٹی اقدامات اور دیگر انتظامات کے باعث لاہور کے تمام انتظامی افسران کی کل کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے۔ کمشنر لاہور مریم خان نے کہا ہے کہ کل چھٹی کے روز تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ شہر میں بسنت قوانین کے نفاذ کے لیے تمام انتظامی افسران فیلڈ میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ شہر میں قائم بسنت کیمپس سے آگاہی اور سیفٹی راڈز لگانے کی مہم جاری رہے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو مکمل آگاہی دی جائے اور ان کی معاونت حاصل کی جائے تاکہ بسنت کو محفوظ اور پرامن بنایا جا سکے۔