سانائے تاکائیچی جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جاپان کی پارلیمان کے ایوانِ زیریں نے لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کی چیئرپرسن سانائے تاکائیچی کو ملک کی 104ویں وزیرِ اعظم منتخب کر لیا ہے۔ وہ جاپان کی تاریخ میں پہلی خاتون ہیں جو اس اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہوئی ہیں۔ انتخابی عمل میں سانائے تاکائیچی نے 465 میں سے 237 ووٹ حاصل کیے، جب کہ ان کے اہم حریف کونسٹی ٹیوشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے یوشیہیکو نودا کو 149 ووٹ ملے۔ کامیابی کے بعد سانائے تاکائیچی آج ہی اپنی کابینہ تشکیل دیں گی۔ 64 سالہ سانائے تاکائیچی قدامت پسند سیاست دان سمجھی جاتی ہیں جو جاپانی روایتی اقدار کی حامی ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ان کی وزارتِ عظمیٰ کے دوران جاپان کی پالیسیوں میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
انتخابی مہم کے دوران تاکائیچی نے جاپان۔امریکہ اتحاد کی اہمیت پر زور دیا اور ملک کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت اجاگر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جاپان کے لیے سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال “دوسری عالمی جنگ کے بعد سے سب سے زیادہ مشکل” ہے۔