اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

سعودی عرب نے غیرقانونی حجاج کی نگرانی کے لیے ڈرونز کا استعمال شروع کر دیا

(مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک

سعودی عرب نے رواں حج سیزن میں غیرقانونی حجاج کی نگرانی اور روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے تحت ڈرونز کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق، بغیر اجازت نامے کے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے افراد کو پکڑنے اور ان پر نظر رکھنے کے لیے سعودی حکام نے ڈرون ٹیکنالوجی کو سیکیورٹی نظام میں شامل کر لیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، حج سیکیورٹی فورسز کی مختلف ٹیمیں نہ صرف زمینی بلکہ فضائی نگرانی بھی کر رہی ہیں۔ خصوصی ڈرونز کی مدد سے شہر کے گلی محلوں کے ساتھ ساتھ ان پہاڑی راستوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جنہیں غیرقانونی حجاج مکہ میں داخل ہونے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ جدید ڈرونز انتہائی حساس کیمروں سے لیس ہیں، جو رات کے وقت بھی موثر طریقے سے کام کر سکتے ہیں۔ ان کیمروں کی مدد سے ڈرونز وہ تمام مشتبہ حرکات ریکارڈ کرتے ہیں جنہیں مکہ کے مانیٹرنگ سینٹرز میں فوری طور پر گراؤنڈ کنٹرول اسٹیشن کو بھیجا جاتا ہے۔ کنٹرول اسٹیشن کی جانب سے قریبی پولیس ٹیم کو فوری طور پر لوکیشن فراہم کی جاتی ہے تاکہ غیرقانونی حجاج کو بروقت روکا جا سکے۔

حج سیکیورٹی فورسز کے مطابق، روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں ایسے افراد کو گرفتار کیا جا رہا ہے جو پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ بغیر اجازت حج کی کوشش کرنے والے افراد کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سعودی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے لیے صرف سرکاری اجازت اور لائسنس یافتہ ذرائع کا استعمال کریں، تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے اور حج کا امن و احترام برقرار رہے۔

یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے حج کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے اور غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے، جو آنے والے دنوں میں مزید سختی اختیار کر سکتا ہے۔

Share it :