سعودی عرب کا اپنی فضائی حدود ایران کے خلاف استعمال نہ کرنے کا اعلان
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
سعودی عرب میں تعینات ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے سعودی عرب کی جانب سے اپنی فضائی حدود کو ایران کے خلاف استعمال نہ کرنے دینے کے مؤقف کا خیرمقدم کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے کہا ہے کہ ایران سعودی عرب کی اس یقین دہانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کہ سعودی عرب اپنی فضائی حدود، سمندری حدود یا سرزمین کو کسی بھی صورت میں ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے اس دور میں سعودی عرب کے اس مثبت مؤقف کو سراہتا ہے۔
حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ امریکہ بھی اسرائیل کی حمایت میں ایران پر سفارتی اور دیگر دباؤ میں اضافہ کر رہا ہے۔ خطے میں ممکنہ فوجی کارروائیوں اور فضائی حملوں کے خدشات کے باعث خلیجی ممالک کی پوزیشن غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
اسی تناظر میں سعودی عرب کی جانب سے اپنی فضائی، سمندری اور زمینی حدود کو ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کی یقین دہانی کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔