اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، ہر قسم کے جلسے جلوس اور اجتماعات پر پابندی
اسلام آباد (صداۓ روس)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ ہو چکا ہے، جس کے تحت کسی بھی قسم کے احتجاج، جلسے یا جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں قانون فوری طور پر حرکت میں آئے گا۔
ادھر راولپنڈی میں بھی ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ یکم سے 3 دسمبر تک جاری رہے گا، اور اس دوران ہر قسم کے اجتماع، ریلی، جلسے یا جلوس پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔