سربیا کے صدر نے مغرب پر روس کو بدنام کرنے کا الزام لگا دیا

Aleksandar Vucic Aleksandar Vucic

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے مغربی ممالک پر روس کو مسلسل منفی انداز میں پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو سیاہ و سفید خانوں میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ برطانوی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سرب صدر نے کہا کہ مغرب خود کو ہمیشہ جمہوریت کا مینار قرار دیتا رہا، جبکہ روس کو برائی کی علامت بنا کر پیش کیا گیا، حالانکہ حقیقت اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سیاست میں بہت سے پہلو اور درمیانی رنگ موجود ہوتے ہیں، ہر چیز مکمل طور پر درست یا غلط نہیں ہوتی۔ مختلف قوموں کی اپنی ثقافتیں، روایات اور تاریخی پس منظر ہوتے ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ووچیچ نے کہا کہ روس یورپی یونین کا حصہ نہیں، جبکہ بعض ممالک خود یورپی یونین میں شامل رہنے کے باوجود مطمئن نہ تھے اور بعد میں اس سے الگ ہو گئے۔ ان کا اشارہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کی جانب تھا۔ سرب صدر کے بیان کو یورپ میں جاری جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں روس اور مغرب کے تعلقات بدستور تناؤ کا شکار ہیں۔