خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

برطانیہ: ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ پر چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہنگامی صورتحال نافذ

plane crash

برطانیہ: ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ پر چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہنگامی صورتحال نافذ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
برطانیہ کے علاقے ایسکس میں واقع ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ سے اُڑان بھرنے والا ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارہ پرواز کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے بعد آگ کے شعلے اور سیاہ دھواں بلند ہوتے دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی تصاویر میں طیارے کو شعلوں میں لپٹا دیکھا جا سکتا ہے۔ ایسکس پولیس نے واقعے کو “سنگین واقعہ” قرار دیتے ہوئے تصدیق کی کہ یہ ایک 12 میٹر لمبا بیچ کرافٹ B200 طیارہ تھا، جو سہ پہر 4 بجے کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ہنگامی ادارے جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ علاقے سے دور رہیں۔

ایسکس فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق، چار فائر بریگیڈ اور آف روڈ امدادی گاڑیاں جائے وقوعہ پر بھیجی گئیں۔ مشرقی انگلینڈ کی ایمبولینس سروس نے بھی چار ایمبولینسز، چار خصوصی ہنگامی ٹیمیں، اور ایک ایئر ایمبولینس روانہ کی ہے۔ طیارے کے گرنے کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق، طیارہ سہ پہر 3 بج کر 48 منٹ پر ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ سے نیدرلینڈز کے شہر لیلی اسٹاڈ کے لیے روانہ ہوا تھا۔ یہ طیارہ ڈچ کمپنی کی ملکیت تھا، جو طبی انخلاء، اعضا کی منتقلی اور نجی پروازوں کی خدمات فراہم کرتی ہے۔

یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثے کے وقت طیارہ طبی ہنگامی مشن پر تھا یا نہیں، اور آیا اس میں کوئی مریض سوار تھا یا نہیں۔ مقامی رکنِ پارلیمان ڈیوڈ برٹن سیمپسن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام جائے حادثہ سے دور رہیں تاکہ ریسکیو ٹیمیں اپنا کام کر سکیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے سے تقریباً 40 منٹ قبل ایک اور طیارہ، سیسنا، بھی رن وے سے ہٹا تھا، تاہم وہ کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہا۔ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابتدائی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

شئیر کریں: ۔