روسی کھاد ساز پلانٹ پر یوکرینی ڈرون حملہ سات شہری ہلاک
ماسکو (صداۓ روس)
اسمولینسک ریجن: روسی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا ہے کہ مغربی روس کے اسمولینسک ریجن میں ایک کیمیائی و کھاد ساز پلانٹ پر یوکرینی ڈرون حملے میں سات شہری ہلاک اور کم از کم دس افراد زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق حملے میں درجنوں بغیر پائلٹ فضائی گاڑیاں استعمال کی گئیں۔ ریجن کے گورنر واسیلی انوخین نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ حملے کا ہدف ‘دوروگوبُژ’ پلانٹ تھا، جہاں نائٹروجن کھاد تیار کی جاتی ہے۔ ان کے بقول کئی ملازمین ’’اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے جاں بحق‘‘ ہوئے جبکہ زخمیوں کو طبی مراکز منتقل کر دیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ رات گئے حملے کے باعث پلانٹ کے مختلف حصوں میں آگ بھڑک اٹھی، جسے ہنگامی ٹیموں نے قابو میں کر لیا۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی آبادی کے ممکنہ انخلا پر غور کیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اسمولینسک میں اسکولوں کو عارضی طور پر فاصلاتی تعلیم پر منتقل جبکہ کنڈرگارٹن ایک دن کے لیے بند کر دیے گئے۔
روسی وزارتِ دفاع نے علیحدہ بیان میں دعویٰ کیا کہ رات بھر میں مجموعی طور پر 69 یوکرینی ڈرون مار گرائے گئے، جن میں سے 14 اسمولینسک ریجن کے اوپر تباہ کیے گئے۔ یوکرینی حکام کی جانب سے اس مخصوص دعوے پر فوری ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے دوران سرحدی و اندرونی علاقوں میں ڈرون حملوں اور اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے الزامات تواتر سے سامنے آتے رہے ہیں، جبکہ دونوں فریق ایک دوسرے پر شہری تنصیبات کو ہدف بنانے کا الزام عائد کرتے ہیں۔