متعدد ممالک روس کے ساتھ فضائی روابط کی بحالی کے لیے تیار
ماسکو (صداۓ روس)
روسی فیڈرل ایئر ٹرانسپورٹ ایجنسی (روس آویاتسیا) کے سربراہ دمتری یاڈروف نے بتایا ہے کہ روس متعدد ممالک کے ساتھ فضائی روابط کی بحالی کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی ایسے ممالک جو ماضی میں پروازیں معطل کر چکے ہیں، اب دوبارہ فضائی سروس بحال کرنے کے لیے آمادہ نظر آ رہے ہیں۔ یاڈروف نے کہا ہم وزارت خارجہ، وزارت ٹرانسپورٹ، اور وزارت اقتصادی ترقی کے ساتھ مل کر بین الاقوامی فضائی روابط پر مسلسل کام کر رہے ہیں۔ ہم مختلف ممالک کے ایوی ایشن حکام سے رابطے میں ہیں، اور متعدد ممالک کی جانب سے پروازیں بحال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق روسی ایئرلائنز کچھ ممالک کے لیے پروازیں چلانے کے لیے تیار ہیں، لیکن ان کے لیے یہ ضروری ہے کہ متعلقہ ممالک ان طیاروں کی مرمت و دیکھ بھال کی سہولتیں فراہم کریں اور یہ یقین دہانی کرائیں کہ ان پر کوئی پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔
فی الحال روس سے 38 ممالک کے لیے براہِ راست پروازیں دستیاب ہیں، جن میں سے 17 ممالک میں روسی اور غیر ملکی ایئرلائنز دونوں خدمات فراہم کر رہی ہیں۔