جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر چاقو حملہ، متعدد زخمی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر جمعہ کی شام ایک چاقو حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق، 39 سالہ خاتون کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واقعہ شام 6 بج کر 5 منٹ پر اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرین وہاں کھڑی تھی۔ جرمن اخبار بلڈ کے مطابق زخمیوں کی تعداد کم از کم 12 بتائی گئی ہے، تاہم پولیس نے ابھی تک سرکاری طور پر کسی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ہیمبرگ پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا زخمیوں کی تعداد کے بارے میں ابھی تک تصدیق شدہ معلومات نہیں، لیکن کئی افراد کو جان لیوا زخم آئے ہیں۔ پولیس کے ابتدائی بیانات کے مطابق، حملہ آور اکیلا تھا اور اس کا مقصد یا پس منظر فی الحال واضح نہیں ہے۔
حملے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔ ہیمبرگ کا مرکزی اسٹیشن جرمنی کے مصروف ترین ریلوے مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں روزانہ 5 لاکھ سے زائد مسافر سفر کرتے ہیں۔ ڈوئچے بان نے خبردار کیا ہے کہ پولیس آپریشن کے باعث ٹرین سروسز میں خلل پڑے گا، اور تاخیر و جزوی منسوخی متوقع ہے۔
یہ واقعہ جرمنی میں حالیہ دنوں میں رپورٹ ہونے والے چاقو حملوں کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے، جس نے عوامی تحفظ کے حوالے سے شدید خدشات کو جنم دیا ہے۔