شہید بے نظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ،ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام
اسلام آباد(صداۓ روس)
پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی آج 72 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی ایک نمایاں اور بااثر سیاسی شخصیت تھیں، جنہوں نے نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں خواتین کی قیادت کو نئی شناخت دی۔ وہ 21 جون 1953 کو پیدا ہوئیں۔ ہارورڈ اور آکسفورڈ جیسی بین الاقوامی جامعات سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی وراثت کو سنبھالا اور بھرپور انداز میں آگے بڑھایا۔ انہیں پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون سربراہِ حکومت ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔
بے نظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف آواز بلند کی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے مثالی جدوجہد کی۔ ان کا یقین تھا کہ اقتدار کا اصل مقصد عوامی خدمت ہے۔ وہ دو بار ملک کی وزیراعظم منتخب ہوئیں اور اپنے دورِ حکومت میں خواتین، تعلیم، اور صحت کے شعبوں میں کئی عملی اقدامات کیے۔ 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کے بعد ان پر جان لیوا حملہ ہوا، جس میں وہ شہید ہو گئیں۔ ان کی شہادت نے ملک کو ایک عظیم، جمہوری اور عوامی لیڈر سے محروم کر دیا۔