شاہین آفریدی کو پاکستان ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا
اسلام آباد(صداۓ روس)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ وہ آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق شاہین آفریدی کی تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ 25 سالہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر اب تک پاکستان کی جانب سے 66 ایک روزہ اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 249 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ شاہین آفریدی کو ملکی کرکٹ کے روشن ستارے کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور ان پر قیادت کی نئی ذمہ داری پی سی بی کے اعتماد کا مظہر ہے۔