جنوبی افریقہ میں بجلی کی باڑ میں پھنسی اژدھے کی جان بچا لی گئی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جنوبی افریقہ میں قدرتی حیات کے تحفظ سے وابستہ افراد نے شاندار جذبے اور فوری عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اژدھے کو بجلی کی خطرناک باڑ میں پھنسنے کے بعد نہ صرف زندہ نکالا بلکہ اسے مصنوعی تنفس (سی پی آر) دے کر دوبارہ زندگی دی۔ یہ واقعہ ایک خفیہ قدرتی تحفظاتی مقام پر پیش آیا جہاں اژدھا “کلئیر ویو” قسم کی برقی باڑ سے گزرنے کی کوشش میں بری طرح الجھ گیا۔ باڑ سے مسلسل کرنٹ لگنے کے باعث اس کی جان خطرے میں تھی۔ خوش قسمتی سے، برقی باڑ نے الارم متحرک کیا جس پر سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ سانپوں کے ماہر نک ایوینز کے مطابق، پہلے پہنچنے والے سیکیورٹی اہلکار نے فوری طور پر جھاڑیوں سے لکڑیاں لا کر باڑ کے تاروں کو اژدھے سے دور کرنے کی کوشش کی، جسے ایوینز نے “انتہائی ذہانت بھرا قدم” قرار دیا۔ بعد ازاں مزید اہلکار اور ٹیکنیشنز بھی موقع پر پہنچے تاکہ باڑ کی بجلی بند کی جا سکے۔
اسی دوران نک ایوینز اور ماہر ویٹرنری ڈاکٹر کارلا گوئدے کو بھی اطلاع دی گئی، جو فوراً جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہو گئے۔ ایوینز کا کہنا تھا کہ وہ راستے بھر اس دعا میں تھے کہ وہ وقت پر پہنچ جائیں اور اژدھا زندہ ہو۔ ایوینز نے افسوس کے ساتھ بتایا کہ بجلی کی باڑ اکثر اژدھوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوتی ہے، تاہم اس بار ٹیم ورک، بروقت ردعمل اور قدرتی حیات سے محبت نے ایک قیمتی جان کو بچا لیا۔ یہ واقعہ نہ صرف جنگلی حیات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ انسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال بھی پیش کرتا ہے۔