اسنوکر کنگ محمد آصف نے بھارتی حریف کو شکست دے کر چھٹا ورلڈ ٹائٹل جیت لیا
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستانی اسنوکر کے مایہ ناز کھلاڑی محمد آصف نے ایک بار پھر عالمی سطح پر سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا۔ بحرین میں منعقدہ آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ کے سنسنی خیز فائنل میں انہوں نے بھارتی حریف برجیش دامانی کو چار کے مقابلے میں تین فریمز سے شکست دے کر کیریئر کا چھٹا ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل مقابلہ انتہائی سخت اور دلچسپ رہا۔ آصف نے ابتدائی دو فریمز میں برتری حاصل کی، مگر برجیش دامانی نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے مسلسل تین فریمز جیت کر تین ۔ دو کی برتری حاصل کر لی۔ تاہم محمد آصف نے دباؤ کے باوجود شاندار واپسی کرتے ہوئے نہ صرف مقابلہ برابر کیا بلکہ آخری اور فیصلہ کن فریم میں 9 کے مقابلے میں 78 پوائنٹس سے فتح حاصل کی۔
فائنل مقابلے کا مکمل اسکور کچھ یوں رہا:
98-37، 75-55، 00-80، 49-52، 41-64، 91-29، 78-9
یاد رہے کہ محمد آصف اس سے قبل تین انفرادی عالمی چیمپئن شپ اور دو ٹیم ایونٹس جیت چکے ہیں، اور یہ ان کا مجموعی طور پر چھٹا عالمی ٹائٹل ہے۔ اُن کی اس شاندار کامیابی پر ملک بھر سے مبارک بادوں کا سلسلہ جاری ہے۔