جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر
اسلام آباد (صداۓ روس)
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔ چوتھے دن قومی ٹیم صرف 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے بعد مہمان ٹیم نے محض 68 رنز کا ہدف بآسانی حاصل کرلیا۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز کیا مگر دن کے پہلے ہی اوور میں بابر اعظم نصف سنچری (50 رنز) مکمل کرنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ رضوان نے بھی 18 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں سلمان علی آغا نے 28 اور ساجد خان نے 13 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 138 تک پہنچایا۔ پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر مکمل طور پر ناکام رہی۔ چھ کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ بابر اعظم کے علاوہ صرف سلمان علی آغا، رضوان، سعود شکیل (11) اور ساجد خان ہی کسی حد تک مزاحمت دکھا سکے۔
جنوبی افریقہ نے 68 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ اس سے قبل مہمان ٹیم کے ٹیل اینڈرز نے پہلی اننگز میں میچ کا رخ ہی بدل دیا تھا۔ متو سامی نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 87 رنز بنائے جبکہ کگیسو ربادا نے بھی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں نے مل کر آخری دو وکٹوں پر 169 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔ بالنگ میں سائمن ہارمر نے تباہ کن کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، کیشو مہاراج نے 2 اور ربادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم کے آخری چار کھلاڑی دونوں اننگز میں ناکام رہے۔ شاہین آفریدی، نعمان علی، ساجد خان اور آصف آفریدی نے دو اننگز میں مجموعی طور پر صرف 28 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے، نعمان علی نے پہلی اننگز میں 6 اور دوسری میں صفر، جبکہ آصف آفریدی نے پہلی اننگز میں 4 اور دوسری میں کوئی رن نہیں بنایا۔ میچ کے ابتدائی دو دن پاکستان نے عمدہ پوزیشن حاصل کر لی تھی۔ پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے 333 رنز بنائے جبکہ بولرز نے جنوبی افریقہ کے آٹھ کھلاڑی 235 رنز پر آؤٹ کر دیے تھے۔ تاہم آخری دو وکٹوں نے 169 رنز جوڑ کر جنوبی افریقہ کو 404 رنز تک پہنچا دیا، جس سے مہمان ٹیم کو 71 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ پاکستان دوسری اننگز میں دباؤ برداشت نہ کرسکا اور چوتھے دن 138 پر آؤٹ ہوکر میچ گنوا بیٹھا۔ اس شکست کے ساتھ سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، جب کہ جنوبی افریقہ کے بولرز اور ٹیل اینڈرز نے شاندار کارکردگی سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔