کھیل لوگوں کو سیاست سے بالاتر ہو کر جوڑتا ہے، تاتیانا کومارووا

Ishtiaq Hamdani Ishtiaq Hamdani

دوشنبہ (صدائے روس)

آئی بی ایف کی آرگنائزنگ کمیٹی کی چیئرپرسن تاتیانا کومارووا نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل بیک گیمَن فیڈریشن کا ایک اہم مقصد کھیل کے ذریعے مختلف ممالک کے لوگوں کو سیاست سے بالاتر ہو کر قریب لانا ہے، جبکہ گرینڈ پری ٹورنامنٹس کی سیریز کو مزید وسعت دینے اور نئے ممالک کو اس کھیل سے منسلک کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ تاتیانا کومارووا کے مطابق گرینڈ پری سیریز کی ترقی میں انٹرنیشنل بیک گیمَن فیڈریشن کے صدر عمر نذرووچ کریملیوف اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ٹورنامنٹ میں متعدد ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت اس پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ مقابلوں کا انعامی فنڈ بھی قابلِ توجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا مقصد زیادہ سے زیادہ ممالک کو بین الاقوامی مقابلوں میں شامل کرنے کے ساتھ مختلف ریاستوں میں قومی بیک گیمَن فیڈریشنز کے قیام اور رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ان کے بقول، ’’ہمارا ایک مقصد لوگوں کو کھیل کے ذریعے سیاست سے بالاتر ہو کر جوڑنا ہے۔‘‘

پاکستان کے حوالے سے کومارووا نے کہا کہ فی الحال پاکستانی کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں موجود نہیں، تاہم بیک گیمَن سے وابستہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ مرحلے پر سنجیدگی سے بیک گیمَن کھیلنے والا کھلاڑی درخواست دے کر ٹورنامنٹ میں شریک ہوسکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو قومی بیک گیمَن فیڈریشن قائم اور رجسٹر کرنے، اس کھیل کو ملکی سطح پر تسلیم کرنے اور مستقبل میں قومی ٹیم تشکیل دے کر بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی جانب بڑھنے کی تجویز بھی دی۔ کومارووا نے پاکستانی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’ہماری ٹیم اور ہماری بڑی فیملی‘‘ کا حصہ بنیں۔دوشنبے میں ٹورنامنٹ کے انتظامات پر بات کرتے ہوئے کومارووا نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے کے مقابلے کا انعقاد میزبان فریق کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے جمہوریہ تاجکستان کی بیک گیمَن فیڈریشن کو ایک نوجوان اور فعال تنظیم قرار دیتے ہوئے موجودہ تعاون اور آغاز کو مثبت قرار دیا۔