خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

روسی سائنسدانوں نے کینسر کے بعد ایچ آئی وی ویکسین کا منصوبہ پیش کر دیا

Russian vaccine

روسی سائنسدانوں نے کینسر کے بعد ایچ آئی وی ویکسین کا منصوبہ پیش کر دیا

ماسکو (صداۓ روس)
روس کے معروف گمالیا انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے اعلان کیا ہے کہ انسانی جسم کو لاحق ہونے والے مہلک وائرس ایچ آئی وی کے خلاف ویکسین اگلے دو برسوں میں تیار ہو سکتی ہے۔ یہ بات ادارے کے ماہر وبائی امراض ولادیمیر گوشچن نے روسی خبر رساں ادارے “ریا نووستی” کو بتائی۔ ولادیمیر گوشچن کے مطابق یہ نئی ویکسین جدید ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگی۔ اس طریقہ کار میں جسم کے خلیوں کو جینیاتی ہدایات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ وہ ایسے پروٹین تیار کریں جو قوتِ مدافعت کو فعال کرتے ہیں اور وائرس کے خلاف دفاعی نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مرحلے پر ہیں جہاں ایسے اینٹی جنز تیار کیے جا رہے ہیں جو وسیع پیمانے پر مدافعتی ردعمل پیدا کریں گے۔ اصل کامیابی اس بات پر منحصر ہوگی کہ ہمارا بنایا گیا امیونو جن ایچ آئی وی کی تمام اقسام کے خلاف تحفظ دے سکے۔” ان کا کہنا تھا کہ ایچ آئی وی انتہائی متنوع وائرس ہے جس کی بنا پر یہ کام نہایت مشکل ہے۔ یاد رہے کہ یہی ادارہ کووڈ-19 کی مشہور ویکسین اسپوتنک وی کا خالق بھی ہے، جسے 2020ء میں متعارف کروایا گیا اور جو 97.8 فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی۔ اسے دنیا کے لگ بھگ 70 ممالک میں منظور کیا گیا تھا۔

گوشچن نے مزید کہا کہ ایچ آئی وی ویکسین پر کئی برسوں سے تحقیق جاری ہے مگر ایم آر این اے پلیٹ فارم کی بدولت اب زیادہ طاقتور مدافعتی ردعمل پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ ایک جینیاتی طور پر تیار کی جانے والی ویکسین ہوگی جس کا بنیادی ڈھانچہ سب سے پہلے کمپیوٹر میں تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال ایسے امیونو جنز تیار کیے جا رہے ہیں جو زیادہ سے زیادہ اقسام کے وائرس کو غیر مؤثر بنا سکیں۔ دوسرے مرحلے میں ان پر جانوروں کے پیچیدہ ماڈلز پر تجربات ہوں گے۔ مکمل تحقیق اور تیاری کے لیے تقریباً دو برس درکار ہوں گے۔

اعداد و شمار کے مطابق اقوامِ متحدہ کی رپورٹ “ایڈز اپ ڈیٹ 2025” میں بتایا گیا ہے کہ 2010ء کے بعد سے دنیا بھر میں ایچ آئی وی کے نئے کیسز میں 40 فیصد کمی آئی ہے۔ صرف 2024ء میں 13 لاکھ نئے کیس سامنے آئے جبکہ اسی عرصے میں ایڈز سے ہونے والی اموات میں 56 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ 2024ء کے اختتام تک دنیا بھر میں ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزارنے والے 4 کروڑ 8 لاکھ افراد میں سے 77 فیصد کو اینٹی ریٹرو وائرل علاج میسر آیا اور 73 فیصد مریضوں میں وائرس کی شدت قابو میں رہی۔

شئیر کریں: ۔