روسی پارلیمان میں ایف ایس بی کو ٹیلی کام سروسز معطل کرنے کا اختیار، بل منظور
ماسکو (صداۓ روس)
روس کی پارلیمان کے ایوانِ زیریں، اسٹیٹ ڈوما نے ایک ایسے بل کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت وفاقی سلامتی ادارہ ایف ایس بی کو مخصوص حالات میں ٹیلی کام آپریٹرز کو سروسز منقطع کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ بل کے مطابق یہ اقدام اُن صورتوں میں ممکن ہوگا جن کی منظوری حکومت دے گی۔ یہ بل حکومت کی جانب سے نومبر میں پیش کیا گیا تھا جبکہ جنوری کے آخر میں اسے پہلی ریڈنگ میں منظور کیا گیا۔ مجوزہ قانون میں “آن کمیونیکیشنز” سے متعلق قانون میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے تاکہ اگر ایف ایس بی کے حکم پر آپریٹرز سروسز بند کریں تو کسی بھی کمیونیکیشن تعطل پر انہیں ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔ قانونی مسودے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ حکومت اُن حالات کی نشاندہی کرے گی جن میں ایف ایس بی کو یہ اختیار دیا جائے گا۔ پہلی ریڈنگ کے دوران بل میں کہا گیا تھا کہ آپریٹرز ایف ایس بی کی “درخواست” پر سروسز بند کریں گے، تاہم دوسری ریڈنگ میں اس لفظ کو تبدیل کرکے “تقاضا” (requirement) کر دیا گیا۔ مزید برآں، ابتدائی متن میں سروسز کی معطلی کو عوامی تحفظ تک محدود رکھا گیا تھا، لیکن نئی ترمیم کے تحت سروسز بند کرنے کی وجوہات کا تعین حکومت کرے گی۔ بل میں یہ شق بھی شامل ہے کہ اگر صدرِ مملکت اس قانون پر دستخط کر دیتے ہیں تو یہ اشاعت کے دس دن بعد نافذ العمل ہو جائے گا۔