آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد ملک میں پیٹرول و ڈیزل کی فروخت محدود
اسلام آباد (صداۓ روس)
آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت کے حوالے سے کفایت شعاری منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تیل کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیش نظر پیٹرول پمپس کو سپلائی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دستیاب ذخائر کو زیادہ عرصے تک برقرار رکھا جا سکے۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما سمیر حسین نے اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئل کمپنیوں نے پیٹرول پمپس کو مرضی کے مطابق تیل خریدنے کی اجازت عارضی طور پر روک دی ہے۔ ان کے مطابق اب پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی گزشتہ ماہ کی فروخت کے اوسط کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل بھی اپنے پیٹرول پمپس کو فروری کی اوسط فروخت کے مطابق تیل فراہم کر رہی ہے تاکہ سپلائی کے نظام کو متوازن رکھا جا سکے اور ذخائر غیر ضروری طور پر تیزی سے ختم نہ ہوں۔
اس حوالے سے توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے تناظر میں یہ حکمت عملی مناسب قرار دی جا سکتی ہے کیونکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث تیل کی ترسیل متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔ دوسری جانب ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران اتوار کے بعد سے اب تک کم از کم سات آئل ٹینکروں کو آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف میں نشانہ بنایا جا چکا ہے جس کے باعث عالمی سطح پر توانائی کی سپلائی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔