اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملہ: 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید

School Bus destroyed

خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملہ: 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید

اسلام آباد (صداۓ روس)
بلوچستان کے ضلع خضدار میں بدھ کی صبح ایک اسکول بس پر خودکش حملے میں تین طالبات سمیت پانچ افراد شہید اور 38 سے زائد بچے زخمی ہو گئے۔ حملہ زیرو پوائنٹ کے قریب اُس وقت ہوا جب بس آرمی پبلک اسکول کے طلبا کو لے کر جا رہی تھی۔ حکام کے مطابق، ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی بس سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں خوفناک دھماکہ ہوا۔ شہید ہونے والی طالبات میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔ بس ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ بھی حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔ متعدد زخمی بچوں کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

اب تک کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اسے بھارت کی ریاستی دہشتگردی قرار دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ حملہ بھارت میں منصوبہ بندی کے بعد بلوچستان میں اس کی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بھارتی حکومت کی اخلاقی پستی اور انسانیت دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ معصوم بچوں پر حملہ بھارت کی دشمنی کا واضح اظہار ہے۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد 10 مئی کو جنگ بندی ہوئی تھی۔ حملے نے ایک بار پھر دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو بڑھا دیا ہے۔ حکام نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سیکیورٹی ادارے ممکنہ ملوث عناصر کی تلاش میں مصروف ہیں۔

Share it :