ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
رائٹرز اور ایپسوس کے تازہ سروے کے مطابق ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کی حمایت میں امریکی عوام کی تعداد کم ہو کر 31 فیصد رہ گئی ہے۔ جنگ کے طویل ہونے، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور ریپبلکن ووٹرز کی حمایت میں کمی نے جنگ کی حمایت کو متاثر کیا ہے۔ مارچ میں 37 فیصد امریکی ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے حامی تھے، جبکہ رواں ماہ کے اوائل میں یہ شرح 34 فیصد تھی۔ ریپبلکنز میں بھی جنگ کی حمایت مارچ کے 77 فیصد کے مقابلے میں کم ہو کر 69 فیصد رہ گئی ہے۔ سروے میں مسلسل دوسری مرتبہ صرف 33 فیصد امریکیوں نے صدر ٹرمپ کی بطور صدر کارکردگی کی حمایت کی، جو ان کے پہلے اور دوسرے دور صدارت کے دوران رائٹرز اور ایپسوس کے سروے میں ریکارڈ کی گئی کم ترین شرح ہے۔
83 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ ایران جنگ طویل عرصے تک جاری رہے گی، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں یہ شرح 80 فیصد تھی۔ جنگ کے معاشی اثرات بھی امریکی عوام کے لیے تشویش کا باعث بن رہے ہیں اور نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتیں ریپبلکنز کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔