سوئٹزرلینڈ: برن میں پانچ روز تک قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
سوئٹزرلینڈ کے صدر نے اسکی ریزورٹ ٹاؤن میں پیش آنے والے ہولناک سانحے میں 40 افراد کی ہلاکت پر دارالحکومت برن میں پانچ روز تک قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ سالِ نو کی تقریبات کے دوران ایک بار میں ہونے والے دھماکے اور اس کے بعد لگنے والی آگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کے بعد کیا گیا۔ سوئس صدر گائے پرملین (Guy Parmelin) نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ رات پیش آنے والا واقعہ ملکی تاریخ کے بدترین سانحات میں سے ایک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ کی شدت کے باعث کئی لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں، جس کی وجہ سے متاثرین کی شناخت میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔ صدر نے اعلان کیا کہ قومی سوگ کے اظہار کے طور پر شہر برن میں پانچ دن تک پرچم سرنگوں رہے گا۔ سوئس حکام کے مطابق اس حادثے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی نہیں ہے، تاہم دھماکے اور آگ لگنے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں سوئس حکومت اور سوئٹزرلینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتا ہے۔