ٹی20 عالمی کپ: نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا، جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست
آئی سی سی ٹی 20 عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 170 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر اور مقررہ اوورز سے 43 گیندیں پہلے حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 33 گیندوں پر ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ کیوی ٹیم کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹم سائفرٹ تھے، جو 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ راچن رویندرا 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ نچلے نمبروں پر مارکو یانسن نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 55 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ڈیوالڈ بریوس نے 34 اور ٹرسٹن اسٹبز نے 29 رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقہ کا ابتدائی حصہ مکمل طور پر ناکام رہا۔ کپتان ایڈن مارکرم 18، کوئنٹن ڈی کوک 10، ڈیوڈ ملر 6 رنز بنا سکے جبکہ ریان ریکلٹن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کول میک کونکی، میٹ ہینری اور راچن رویندرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لوکی فرگوسن اور جمی نیشم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔