ٹی20 ورلڈکپ 2026: پاکستان کی مسلسل دوسری فتح، امریکا کو 32 رنز سے شکست
اسلام آباد (صداۓ روس)
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں یونائیٹڈ اسٹیٹس آف امریکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ گزشتہ ایونٹ کی شکست کے بعد دونوں ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے آئیں، جہاں پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا۔ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے صرف پانچ اوورز میں ٹیم کی ففٹی مکمل کی۔ صاحبزادہ فرحان نے اس دوران تین چھکے اور چار چوکے جبکہ صائم ایوب نے تین چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ پاکستان کو پہلا نقصان 54 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا جب صائم ایوب 17 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دو رنز کے اضافے کے بعد کپتان سلمان علی آغا ایک رن بنا کر 56 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔ تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ صاحبزادہ فرحان نے 27 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ دونوں کھلاڑیوں نے 12ویں اوور کی پانچویں گیند پر ٹیم کے 100 رنز پورے کیے۔
بابراعظم اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان 53 گیندوں پر 81 رنز کی شراکت بنی جو 137 رنز پر ختم ہوئی، جہاں بابر اعظم 32 گیندوں پر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اگلے ہی مرحلے پر صاحبزادہ فرحان بھی 41 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں شاداب خان نے محمد نواز کے ساتھ مل کر تیز رفتار بیٹنگ کی اور 12 گیندوں پر 30 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو بڑے مجموعے کی طرف لے گئے۔ دونوں کے درمیان 34 رنز کی شراکت بنی۔ شاداب خان 177 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ آخری اوور میں شاہین آفریدی کے چھکے کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنائے۔ امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شواک ویک نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ سورابھ نیٹراوالکر، محمد محسن اور ہرمیت سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں امریکا کا آغاز بہتر رہا تاہم پہلی وکٹ 42 رنز پر گری جب آندریس گوس 13 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد امریکی ٹیم کی دوسری وکٹ 53 اور تیسری وکٹ 69 رنز پر گری۔ چوتھی وکٹ پر 54 رنز کی شراکت بنی، لیکن پاکستانی بولرز نے شاندار واپسی کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے وکٹیں حاصل کیں اور امریکا کو 158 رنز تک محدود کردیا۔
امریکی ٹیم کی جانب سے شبھم رنجانے نے 51 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ شایان جہانگیر 49 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔ پاکستان کی طرف سے عثمان طارق نے تین، شاداب خان نے دو جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر صاحبزادہ فرحان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد پاکستان کے چار پوائنٹس ہوگئے ہیں اور سپر 8 مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔ ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، سلمان مرزا کی جگہ عثمان طارق کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، شاہین آفریدی، عثمان طارق، ابرار احمد، محمد نواز، شاداب خان اور فہیم اشرف شامل تھے۔
امریکی ٹیم میں کپتان موناک پٹیل، آندریس گوس، شایان جہانگیر، ملند کمار، سنجے کرشناموتھی، شبھم رنجانے، ہرمیت سنگھ، محمد محسن، شیڈلے وین شواک ویک، احسان عادل اور سورابھ نیٹراوالکر شامل تھے۔ ایونٹ میں یہ دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ تھا۔ پہلے مقابلے میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دی تھی جبکہ امریکا کو بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔