اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

تاتار زبان میں مصنوعی ذہانت کی تربیت کا آغاز, قازان فورم میں تاریخی معاہدہ

KAZANFORUM 2025

تاتار زبان میں مصنوعی ذہانت کی تربیت کا آغاز, قازان فورم میں تاریخی معاہدہ
قازان: اشتیاق ہمدانی

تاتارستان کی سائنسی اکیڈمی، انوپولس یونیورسٹی اور مصنوعی ذہانت کے ریسرچ انسٹیٹیوٹ “آئیری” نے تاتار زبان اور روس کی دیگر اقلیتی زبانوں پر کام کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کی تربیت کا مشترکہ منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے تینوں اداروں نے “روس – اسلامی دنیا: قازان فورم” کے ۱۶ویں بین الاقوامی اقتصادی فورم کے موقع پر ایک باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے۔

تاتارستان کی اکیڈمی آف سائنسز کے نائب صدر ایئرت خاصیانوو کے مطابق، یہ اقدام قدرتی زبان کی پراسیسنگ (نیچرل لینگوئج پروسیسنگ) کے میدان میں کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کمپیوٹرز کو قدرتی زبان میں متن کو سمجھنے اور خود سے متن تخلیق کرنے کے قابل بنانا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق نہ صرف تاتار بلکہ تمام ترک زبانوں کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔

 

KAZANFORUM 2025

آئیری انسٹیٹیوٹ کے “ڈومین اسپیسفک این ایل پی” گروپ کی سربراہ ایلینا توتوبالینا نے بتایا کہ ان کا ادارہ زبان کے ماڈلز کی عمومی صلاحیتوں پر تحقیق کر رہا ہے، اور جھوٹی یا غلط معلومات کی شناخت و چھانٹی پر بھی کام جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے تحت تاتار زبان میں بھی جدید زبان ماڈلز تیار کیے جائیں گے۔

تاتار ثقافتی ورثے کے ترجمے اور تجزیے کے لیے باؤمن ماسکو اسٹیٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی کی جانب سے جدید “ٹیراگراف” سپر کمپیوٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ یونیورسٹی کے “ہیٹر وجینیئس ہارڈ ویئر سسٹمز” لیبارٹری کے سربراہ، الیکسی پوپوف نے بتایا کہ وہ نیا ہارڈویئر پلیٹ فارم تیار کر رہے ہیں جو روایتی نیورل نیٹ ورکس سے ہٹ کر “علمی خاکوں” (نالج گرافس) پر مبنی ہوگا، جس سے معلومات کو باہم جُڑے حقائق کی شکل میں پیش کیا جا سکے گا۔

 

KAZANFORUM 2025

 

قازان فورم، جسے ۲۰۲۲ میں روسی صدر کی جانب سے وفاقی درجہ دیا گیا تھا، ۱۴ تا ۱۶ مئی ۲۰۲۵ منعقد ہوا۔ فورم میں ۲۰۰ سے زائد تقریبات ہوئیں جن میں اسلامی ممالک کے وزرائے ثقافت، ٹرانسپورٹ، اٹارنی جنرلز، آڈیٹرز، اسلامی مالیات، حلال صنعت، چیمبرز آف کامرس، اور معیشت و تجارت سے متعلق عالمی نمائشیں شامل تھیں۔ ۲۰۲۵ میں فورم میں ۱۰۳ ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ گزشتہ برس ۸۷ ممالک سے ۲۰ ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے تھے۔

یہ منصوبہ روس کی اقلیتی زبانوں، خصوصاً تاتار زبان، کی بقا و ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو مصنوعی ذہانت اور لسانی ورثے کو ہم آہنگ کرنے کی ایک جدید مثال ہے۔

Share it :