اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روسی صدر کی ایرانی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلیفون پر بات چیت

Putin

روسی صدر کی ایرانی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلیفون پر بات چیت

ماسکو (صداۓ روس)
ایران پر اسرائیل کے فضائی حملے کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورت حال کے پیش نظر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایران کے صدر مسعود پزیشکیان اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی۔ صدر پوتن نے ایرانی صدر سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی حملے میں ہونے والے جانی نقصان، خصوصاً عام شہریوں کی ہلاکتوں پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس اقدام کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے روس کی جانب سے اس کی سخت مذمت کی۔

روسی صدر نے واضح کیا کہ روس ہمیشہ ایران کے جوہری پروگرام کے مسئلے کو پرامن اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کا حامی رہا ہے اور اس حوالے سے متعدد قابلِ عمل تجاویز بھی پیش کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنے کردار کو جاری رکھے گا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی کوششیں تیز کرے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے گفتگو میں ولادیمیر پوتن نے زور دیا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تمام تر مسائل کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے لیے روس کی جانب سے ثالثی کی پیشکش بھی کی۔

بات چیت کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ روس، ایران اور اسرائیل سے قریبی رابطے میں رہے گا تاکہ موجودہ صورت حال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے، کیونکہ اس کے نتائج پورے خطے کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

Share it :