اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے

Thailand and Cambodia war

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جنوب مشرقی ایشیا کے دو ہمسایہ ممالک تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ایک بار پھر سرحدی کشیدگی شدید ہو گئی ہے اور صورتحال جنگ کے دھانے تک پہنچ چکی ہے۔ دونوں ممالک کی افواج سرحدی علاقوں میں الرٹ پر ہیں جبکہ فائرنگ کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں جن میں دونوں جانب جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ صورتحال کی ابتداء اس وقت ہوئی جب تھائی لینڈ نے دعویٰ کیا کہ کمبوڈیائی فوجی اس کے زیرِ انتظام علاقے میں غیرقانونی طور پر داخل ہوئے ہیں اور انہوں نے ایک مقامی دیہات میں کیمپ قائم کر کے گشت شروع کر دیا ہے۔ اس کے جواب میں تھائی فوج نے بھی علاقے میں نفری بڑھا دی اور مورچہ بند ہو کر پوزیشن سنبھال لی۔ دونوں جانب توپ خانے اور بکتر بند گاڑیوں کی تعیناتی سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

کمبوڈیا نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تھائی فوج ہی دراصل ان کے علاقے میں داخل ہوئی تھی اور مقامی شہریوں کو ہراساں کر رہی تھی۔ کمبوڈیائی وزارتِ خارجہ نے اقوامِ متحدہ اور آسیان تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرے تاکہ خطے میں ایک اور جنگ نہ بھڑک اٹھے۔ بین الاقوامی سطح پر اس کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور فوری طور پر مذاکرات شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ آسیان تنظیم نے بھی اپنے نمائندے روانہ کر دیے ہیں جو ثالثی کی کوشش کریں گے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب تھائی لینڈ اور کمبوڈیا اس قسم کے تنازع کا شکار ہوئے ہوں۔ اس سے قبل بھی تاریخی پرہ ویہار مندر کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان شدید تنازع ہو چکا ہے جس میں سینکڑوں فوجی ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر ہوئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک نے کشیدگی کو جلد کم نہ کیا تو یہ تنازع نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے جنوب مشرقی ایشیائی خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پڑوسی ممالک اور عالمی طاقتیں بھی متحرک ہو گئی ہیں تاکہ اس ممکنہ جنگ کو روکا جا سکے۔

Share it :