تھائی لینڈ: جنگلی ہاتھی کے حملے میں 65 سالہ سیاح ہلاک
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
وسطی تھائی لینڈ کے کھاؤ یائی نیشنل پارک میں پیر کو ایک جنگلی ہاتھی نے ایک سیاح پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔ پارک حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ اسی ہاتھی کا تیسرا انسانی ہلاکت کا واقعہ ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص 65 سالہ تھائی شہری تھا جو لوپ بوری صوبے کا رہائشی تھا۔ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ صبح کے وقت پارک میں سیر کے لیے نکلے تھے جب ہاتھی نے اچانک حملہ کر کے انہیں کچل دیا۔ پارک اہلکاروں نے ہاتھی کو ڈرا کر بھگایا تو خوش قسمتی سے سیاح کی اہلیہ بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئیں۔ نیشنل پارک کے سربراہ نے بتایا کہ یہ ہاتھی پہلے بھی دو سیاحوں کو ہلاک کر چکا ہے۔
حکام کو شبہ ہے کہ یہ ہاتھی ماضی کی چند دیگر غیر حل شدہ ہلاکتوں میں بھی ملوث ہو سکتا ہے۔ پارک حکام نے کہا ہے کہ جمعہ کو ایک اہم اجلاس بلایا جائے گا جس میں اس ہاتھی کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، بشمول ممکنہ سزا یا دوسرے اقدامات۔ یہ واقعہ تھائی لینڈ کے نیشنل پارکس میں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے جنگلی ہاتھیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کی تازہ ترین مثال ہے۔