ملک کی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

Shahbaz Sharif Shahbaz Sharif

ملک کی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور سیاسی و معاشی استحکام کے نتیجے میں پاکستان کی سمت درست ہوئی ہے۔ وہ اسلام آباد میں حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے تمام اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا خیرمقدم کرتے ہوئے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں ان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری سمیت تمام اتحادی جماعتوں کی قیادت نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مکمل تعاون کیا۔

Advertisement

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق کی مضبوطی، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور بہتر گورننس کے لیے تمام اتحادی جماعتوں نے یکجا ہو کر کام کیا، اور 27ویں آئینی ترمیم اسی مشترکہ کوشش کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کے دوران حاصل کیے گئے تمام سنگِ میل درحقیقت باہمی اعتماد اور اتحاد کا مظہر ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور عالمی سطح پر مثبت تاثر اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاکستان کو دنیا میں ایک معتبر مقام ملا ہے اور ملکی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔

آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے سیاسی اور معاشی استحکام نے ملک کی سمت درست کی ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام جماعتوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔