لاطینی امریکا اور بحرالکاہل کے ممالک پر پروازوں کے لئے خطرہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے لاطینی امریکا کے متعدد ممالک اور بحرالکاہل کے بعض حصوں کے اوپر پروازوں کے دوران ممکنہ خطرات سے خبردار کیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ وارننگ 16 جنوری کو جاری کی گئی، جس میں پاناما، میکسیکو، کولمبیا اور بحرالکاہل کے بعض سمندری علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ایف اے اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وسطی اور جنوبی امریکا کے بعض فضائی راستوں پر فوجی سرگرمیوں اور جی پی ایس سگنلز میں ممکنہ مداخلت کے باعث پروازوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، لہٰذا ایئرلائنز کو ان علاقوں میں پرواز کے دوران انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ انتباہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے جنوبی کیریبین خطے میں فوجی سرگرمیوں میں اضافے کا حکم دیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اس سے قبل 7 جنوری کو برطانوی اخبار دی ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکا نے برطانیہ میں واقع فضائی اڈوں پر 14 سی 17 گلوب ماسٹر فوجی ٹرانسپورٹ طیارے اور دو جدید اسلحے سے لیس اے سی 130 جے گھوسٹ رائیڈر طیارے تعینات کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان طیاروں کے ذریعے کم از کم پانچ ایم ایچ 60 ایم بلیک ہاک اور ایک ایم ایچ 47 جی چنوک ہیلی کاپٹر منتقل کیے گئے، جو امریکی اسپیشل فورسز کی کارروائیوں میں استعمال ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق خطے میں فوجی نقل و حرکت اور فضائی نظام میں ممکنہ خلل کے باعث بین الاقوامی فضائی سفر کو درپیش خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر عالمی ایئرلائنز صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔