لڑائی بہت ہوچکی، اب امن قائم کرنا ہوگا، زیلنسکی کا صدر پوتن کو خط

Vladimir Zelensky Vladimir Zelensky

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو ایک خط لکھ کر دوطرفہ ملاقات کی پیشکش کی ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے براہِ راست مذاکرات پر زور دیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق صدر زیلنسکی نے اپنے خط میں کہا کہ لڑائی بہت ہوچکی ہے اور اب امن قائم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے صدر پوتن سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں۔ یوکرینی صدر نے دعویٰ کیا کہ روسی افواج رواں سال ڈونیٹسک کے پورے علاقے پر قبضہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین مذاکرات کے دوران جنگ بندی کے لیے تیار ہے اور اس عمل کی نگرانی امریکا، روس اور یوکرین مشترکہ طور پر کر سکتے ہیں۔

زیلنسکی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگر روس جنگ بندی پر آمادہ نہیں ہوتا تو یوکرین اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے لڑائی جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے تسلسل سے خطے میں عدم استحکام بڑھے گا، جبکہ امن مذاکرات دونوں ممالک اور پوری یورپی خطے کے مفاد میں ہیں۔