ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا پہلا بڑا اپ سیٹ: زمبابوے نے آسٹریلیا کو شکست دے دی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے 19 ویں میچ میں کرشماتی اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جب زمبابوے نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے دی۔ گروپ بی کے اس اہم مقابلے میں زمبابوے نے آسٹریلیا کو مکمل طور پر حیران کر دیا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رنشا نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے جبکہ گلین میکسویل نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ باقی 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ زمبابوے کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مزربانی نے 4 اور بریڈ ایوان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ یہ دونوں ٹیموں کا ٹورنامنٹ میں دوسرا میچ تھا۔ اپنے پہلے میچ میں زمبابوے نے عمان کو جبکہ آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو شکست دی تھی۔ یہ شکست آسٹریلیا کے لیے بڑا دھچکا ہے جبکہ زمبابوے نے ٹورنامنٹ میں اپنی مضبوط پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔