روس کی برازیل کو مچھلی کی برآمدات کا آغاز

Seafoods Seafoods

روس کی برازیل کو مچھلی کی برآمدات کا آغاز

ماسکو (صداۓ روس)
روس نے برازیل کو مچھلی کی برآمدات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ روسی وزیرِ زراعت اوکسانا لوت نے چھ فروری کو اس پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ روسی مچھلی کی ترسیل برازیل کی منڈی میں شروع ہو چکی ہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق وزیرِ زراعت نے واضح کیا کہ اس وقت برآمدات کا حجم ابھی بہت محدود ہے، تاہم مستقبل میں اس شعبے میں نمایاں وسعت کی گنجائش موجود ہے۔ اوکسانا لوت کے مطابق روس کی جانب سے برازیل کو جن مچھلیوں کی برآمد کا سب سے زیادہ امکان ہے، ان میں پولاک، کاڈ اور ہیرنگ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقسام عالمی منڈی میں روس کی اہم برآمدی مصنوعات سمجھی جاتی ہیں اور برازیل کی مارکیٹ میں بھی ان کی مانگ پیدا ہو سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ برازیل میں مچھلی اور سمندری غذاؤں پر درآمدی محصولات خاصے زیادہ ہیں، جو برآمدات کی راہ میں ایک رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

روسی وزیرِ زراعت نے کہا کہ چونکہ یہ مارکیٹ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، اس لیے درآمدی ڈیوٹی کے مسئلے پر برازیلی حکام کے ساتھ بات چیت ضروری ہے، تاکہ تجارتی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ ان کے مطابق روس اس شعبے میں برازیل کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔

Advertisement

واضح رہے کہ ایک روز قبل روسی وزیراعظم میخائل مشوستن نے بھی روس اور برازیل کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس برازیل کے ساتھ پُرامن جوہری توانائی، مصنوعی ذہانت کے اطلاق اور ڈیجیٹل حکومتی خدمات کے شعبوں میں اپنے تجربات اور ٹیکنالوجی کا اشتراک کرنے کے لیے تیار ہے۔ روسی وزیراعظم کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جو تاحال پوری طرح بروئے کار نہیں آ سکی۔