ماسکو سرکل ریلوے کا نژنیگو رودسکایا اسٹیشن عارضی طور پر بند

center circle line Moscow center circle line Moscow

ماسکو سرکل ریلوے کا نژنیگو رودسکایا اسٹیشن عارضی طور پر بند

ماسکو (صداۓ روس)
ماسکو سرکل ریلوے کے نژنیگو رودسکایا اسٹیشن کو پلیٹ فارم کے ایک حصے میں دھنساؤ کے باعث عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ماسکو سنٹرل سرکل کی ٹرینیں اس اسٹیشن پر رکے بغیر گزر رہی ہیں۔ یہ اطلاع اکتیس جنوری کو ماسکو ریلوے کی پریس سروس کی جانب سے دی گئی۔ ماسکو ریلوے کے مطابق مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے نژنیگو رودسکایا اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کی گئی ہے، جبکہ روسی ریلوے کے انفراسٹرکچر کا معائنہ جاری ہے۔ پریس سروس کے ٹیلیگرام چینل پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرینیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں، تاہم حفاظتی وجوہات کی بنا پر اس اسٹیشن پر نہیں رک رہیں۔ ذرائع کے مطابق اسٹیشن کو ایک تکنیکی خرابی کے باعث بند کیا گیا۔ پلیٹ فارم میں دھنساؤ کے دوران حفاظتی نظام کے فعال ہونے سے ڈھانچے کی مضبوطی برقرار رہی اور مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنایا گیا۔ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا انتخاب کریں، جن میں بگ سرکل لائن، نیکراسوف سکايا میٹرو لائن، ماسکو سنٹرل ڈایامیٹرز کا چوتھا روٹ اور بسیں شامل ہیں۔

پریس سروس نے مزید بتایا کہ نژنیگو رودسکایا اسٹیشن پر ٹرین سروس کی بحالی کے بارے میں بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔ اس دوران ماسکو سنٹرل سرکل پر مجموعی طور پر ٹرین سروس معمول کے مطابق جاری ہے۔ ادھر جنوری کے اختتام پر شدید برفباری کے باعث ماسکو اور ماسکو ریجن میں ٹیکسی کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں گزشتہ ہفتے کے عام دنوں کے مقابلے میں کرایوں میں بیس سے پچیس فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اٹھائیس جنوری کی صبح کرایوں میں اضافے کی شرح تیس فیصد تک پہنچ گئی، جس کی بنیادی وجہ ٹریفک کی صورتحال میں شدید بگاڑ بتائی گئی۔

Advertisement