اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں دوبارہ تیزی

کراچی (صداۓ روس)

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں تیزی آ گئی ہے، سرمایہ کاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 3 جون 2025 تک اپنی درخواستیں نجکاری کمیشن کو ارسال کریں۔

تفصیلات کے مطابق، پی آئی اے کی نجکاری کی دوسری کوشش کے سلسلے میں کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں سرمایہ کاروں کے لیے بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل اسلام آباد اور لاہور میں بھی روڈ شوز منعقد کیے جا چکے ہیں، جن میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پی آئی اے کے روٹس، اثاثہ جات، ملازمین، آمدنی اور دیگر اہم امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

نجکاری کمیشن نے سرمایہ کاروں کو پی آئی اے کی موجودہ مالی و انتظامی صورتحال، مستقبل کے امکانات اور سرمایہ کاری کے فوائد پر روشنی ڈالی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نجکاری کا عمل رواں سال مکمل ہونے کی امید ہے۔

ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف نے حالیہ مذاکرات میں پاکستان پر زور دیا کہ وہ سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کی “رائٹ سائزنگ” (ادارے کی ساخت کی ازسرِ نو تنظیم) کا عمل دسمبر 2025 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

حکام کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں۔ ان میں ٹیکس واجبات، منفی ایکویٹی اور دیگر مالی مسائل کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے تحفظات شامل تھے، جنہیں بریفنگ کے دوران واضح طور پر ایڈریس کیا گیا۔

اس کے علاوہ، بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے گئے ہیں، تاکہ ادارے کی ساکھ بہتر بنائی جا سکے اور بین الاقوامی پروازیں بحال کی جا سکیں۔

Share it :