روسی فوج سرحد سے واپس نہیں گئی بلکہ بڑھا دی گئی ہے، نیٹو
برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک)
نیٹو کا کہنا ہے کہ روسی فوج سرحد سے واپس نہیں گئی بلکہ بڑھا دی گئی ہے. اطلاعات کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع پر نیٹو نے روسی افواج کی واپسی کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے روس پر فوجی دستے بڑھانے کا الزام عائد کردیا۔ نیٹو اور امریکا ، دونوں کا کہنا ہے کہ روسی فوج کا جزوی یا واضح انخلا دیکھنے میں نہیں آیا، لیکن کریملن سے سفارت کاری جاری رکھنے کے اشارے ملے ہیں۔ یوکرین کے وزیر دفاع کا کہنا ہے ملک میں سیکورٹی صورتِ حال مستحکم ہے۔ دوسری جانب روس یوکرین کشیدگی میں کمی کے آثار کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔
واضح رہے روس نے کرائمیا میں جاری فوجی مشقوں کے اختتام کا اعلان کردیا ہے. روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ساودرن ملٹری ڈسٹرکٹ کے یونٹس اسٹریٹیجک مشقیں مکمل کرنے کے بعد مستقل تعیناتی کے مقام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے کہا کہ ٹینک، گاڑیاں اور توپ خانہ ریل کے ذریعے کرائمیا سے روانہ ہو رہے ہیں۔
یوکرین کشیدگی پر ماسکو میں روسی صدر پوتن اور جرمن چانسلر اولف شولز کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔