ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکا میں دنیا کا معمر ترین کبوتر ہلاک ہو گیا، جس نے 43 برس کی عمر پا کر طویل عمر کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ رپورٹس کے مطابق “شوگر” نامی یہ کبوتر اپنے مالک کے ساتھ کئی دہائیوں تک رہا اور غیر معمولی عمر پانے کے باعث دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنا۔ اس سے قبل کبوتروں کی عمر کا ریکارڈ اس سے تقریباً 15 سال کم تھا۔ کبوتر کے 77 سالہ مالک ڈی وین اورینڈر کے مطابق یہ پرندہ ان کے لیے صرف ایک پالتو جانور نہیں بلکہ ایک قریبی دوست کی حیثیت رکھتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شوگر ہمیشہ ان کے ساتھ رہتا اور خوش مزاج تھا۔ مالک کے مطابق ایک موقع پر جب وہ ہسپتال میں داخل ہوئے تو کبوتر نے جدائی برداشت نہ کرتے ہوئے کھانا چھوڑ دیا اور پنجرے میں خاموش پڑا رہا، تاہم واپسی پر وہ دوبارہ معمول پر آ گیا۔ واضح رہے کہ اسی طرح 2025 میں ماسکو کے چڑیا گھر میں ایک لمبی عمر پانے والا ٹیپر بھی 37 سال کی عمر میں ہلاک ہوا تھا، جبکہ عام طور پر ایسے جانور جنگل میں کم عمر پاتے ہیں۔