نیویارک سٹی میں پندرہ ہزار نرسز کی تاریخی ہڑتال، اسپتال نظام شدید دباؤ کا شکار

nurses of New York nurses of New York

نیویارک سٹی میں پندرہ ہزار نرسز کی تاریخی ہڑتال، اسپتال نظام شدید دباؤ کا شکار

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی شہر نیویارک سٹی میں تقریباً پندرہ ہزار نرسز نے بہتر کام کے حالات، محفوظ اسٹافنگ اور صحت کے حقوق کے تحفظ کے مطالبات پر ہڑتال شروع کر دی ہے، جسے شہر کی تاریخ میں نرسز کی سب سے بڑی ہڑتال قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ہڑتال پیر کی صبح اس وقت شروع ہوئی جب تین بڑے نجی اسپتالوں اور نیویارک اسٹیٹ نرسنگ ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدے کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ نرسنگ ایسوسی ایشن کے مطابق اسپتال انتظامیہ محفوظ اور میرٹ پر اسٹاف بھرتی، نرسوں کو فراہم کیے جانے والے صحت کے فوائد اور کام کی جگہ پر بڑھتے ہوئے تشدد جیسے بنیادی مسائل پر کوئی خاطر خواہ پیش رفت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ یونین کا کہنا ہے کہ نیویارک کے امیر ترین اسپتال نرسوں کی ہیلتھ انشورنس میں کٹوتی کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جو ناقابلِ قبول ہے۔

یونین نے الزام عائد کیا ہے کہ اسپتال انتظامیہ ’نرس ٹو پیشنٹ‘ تناسب سے متعلق قوانین کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ یہ قوانین دو ہزار اکیس میں کووڈ۔انیس وبا کے بعد نافذ کیے گئے تھے، جن کے تحت ہر اسپتال میں اسٹافنگ کمیٹیاں قائم کی گئیں اور خاص طور پر انتہائی نگہداشت یونٹس میں ایک نرس پر زیادہ سے زیادہ دو مریضوں کی حد مقرر کی گئی تھی۔ نرسز کا کہنا ہے کہ کام کی جگہ پر تشدد کے واقعات میں واضح اضافہ ہو رہا ہے، مگر اس کے باوجود اسپتال انتظامیہ حفاظتی اقدامات، جیسے داخلی راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کرنے پر آمادہ نہیں۔ حالیہ مہینوں میں ماؤنٹ سائنائی اور نیویارک پریسبیٹیرین اسپتالوں میں فائرنگ کے واقعات نے نرسوں کے خدشات کو مزید تقویت دی ہے۔
دوسری جانب نیویارک پریسبیٹیرین اسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ منصفانہ معاہدے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کو تیار ہے اور نرسوں کی تنخواہوں میں نمایاں اضافے کی پیشکش بھی کی گئی ہے، تاہم اس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔ ماؤنٹ سائنائی اور مونٹیفیور اسپتالوں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

Advertisement

واضح رہے کہ یہ ہڑتال شدید فلو سیزن کے دوران ہو رہی ہے، جب اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ پہلے ہی غیر معمولی حد تک بڑھا ہوا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سیاسی اعتبار سے بھی یہ ہڑتال اہمیت اختیار کر چکی ہے، کیونکہ موجودہ حالات نرسوں کو مذاکرات میں اضافی طاقت فراہم کر رہے ہیں۔ نئے منتخب میئر ظہران ممدانی نے ہڑتال میں شریک ہو کر نرسوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ نرسوں کی محنت، وقار اور تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ اس ہڑتال کے باعث نیویارک سٹی کی گورنر کیتھی ہوچول اور میئر ظہران ممدانی دونوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ نرسز کے مطالبات پر واضح اور عملی مؤقف اختیار کریں۔