ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایرانی انفراسٹرکچر پر حملہ کیا تو پورے خطے کا انفراسٹرکچر تباہ کر دیا جائے گا۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایرانی فوج کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اگر ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو خطے میں جو بھی انفراسٹرکچر باقی ہے اسے تباہ کر دیا جائے گا۔
بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ امریکا خطے میں اپنی قانون شکنی اور عدم استحکام کو جاری رکھے ہوئے ہے اور آبنائے ہرمز ایران کے لیے سرخ لکیر ہے، جس میں امریکا کو کسی بھی قسم کی مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکی صدر کی حالیہ دھمکیوں پر عمل کیا گیا اور ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو ایران کے ضبط و تحمل کے باعث جو خطے کا انفراسٹرکچر اب تک محفوظ رہا ہے، اسے ایسے آہنی وار سے کچل دیا جائے گا کہ اس کا کوئی نشان بھی باقی نہیں رہے گا۔ ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ دشمن یہ جان لے کہ ہمارے لیے فیصلہ کن کارروائی کا لمحہ ضبط کا نہیں ہوتا۔ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے جو ردعمل آئے گا وہ برابری کا نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ ہوگا، یہ حملے پہلے سے زیادہ شدید، زیادہ وسیع اور زیادہ تباہ کن ہوں گے۔