تیانجن سربراہی اجلاس ایس سی او کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، چین
ماسکو(صداۓ روس)
چین کے روس میں تعینات سفیر ژانگ ہان ہوئی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا آئندہ اجلاس تنظیم کے قیام کے بعد سے سب سے بڑا اور تاریخی اجتماع ہوگا۔ یہ اجلاس ۳۱ اگست سے یکم ستمبر تک چینی شہر تیانجن میں منعقد ہوگا، جس میں ۲۰ سے زائد سربراہانِ مملکت اور دس بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان شریک ہوں گے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن بھی اجلاس میں موجود ہوں گے۔ چینی سفیر کے مطابق یہ اجلاس ایس سی او کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ رکن ممالک تعاون کو مزید گہرا کرنے کی متفقہ خواہش رکھتے ہیں۔ اس کانفرنس پر عالمی برادری کی بھرپور توجہ مرکوز ہے۔ یاد رہے کہ ایس سی او ایک علاقائی تنظیم ہے جو ۲۰۰۱ میں قائم ہوئی تھی۔ اس کے موجودہ رکن ممالک میں چین، روس، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، پاکستان اور ازبکستان شامل ہیں جبکہ بیلاروس نے رواں سال ۴ جولائی کو آستانہ سربراہی اجلاس میں باضابطہ طور پر رکنیت حاصل کی۔
تنظیم کے مبصر ممالک میں افغانستان اور منگولیا شامل ہیں، جبکہ ’’مکالمہ شراکت دار‘‘ کی حیثیت سے آذربائیجان، آرمینیا، بحرین، مصر، کمبوڈیا، قطر، کویت، مالدیپ، میانمار، نیپال، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ترکی اور سری لنکا بھی ایس سی او کے ساتھ وابستہ ہیں۔