ٹی ایل پی کالعدم قرار، حکومت کا نوٹیفکیشن جاری

TLP TLP

ٹی ایل پی کالعدم قرار، حکومت کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (صداۓ روس)
وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو باضابطہ طور پر کالعدم جماعت قرار دے دیا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ٹی ایل پی کا نام فرسٹ شیڈول کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، ٹی ایل پی پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے بعد جماعت کی ہر قسم کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق، ٹی ایل پی پر پابندی کے بعد وزارت کی جانب سے تفصیلی رپورٹ وزارتِ قانون کو بھجوائی جائے گی، جو آئندہ مرحلے میں ریفرنس تیار کر کے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز پنجاب حکومت کی سفارش پر تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی تھی۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ تنظیم کی سرگرمیاں امن و امان کے لیے خطرہ بن چکی تھیں، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔