چینی وزیر خارجہ کا روس کے ساتھ مضبوط تعلقات کی جانب اشارہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ سال 2025 کے دوران بیجنگ اور ماسکو کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور چین۔روس تعلقات مسلسل استحکام اور اعلیٰ سطحی ترقی کی راہ پر گامزن رہے ہیں۔ چین کی سفارتی سرگرمیوں سے متعلق 2025 کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وانگ ای کا کہنا تھا کہ
چین اور روس کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نے پائیدار اور متوازن ترقی کی اعلیٰ سطح برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی سال میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان مسلسل رابطے جامع اسٹریٹجک شراکت داری، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کی حقیقی روح کی عکاسی کرتے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے یوکرین بحران کے حوالے سے چین کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ بیجنگ ایک جامع، دیرپا اور قانونی طور پر پابند امن معاہدے کی امید رکھتا ہے۔
وانگ ای کے مطابق چین اس بحران کے حل میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ ہماری خواہش ہے کہ ایک ایسا جامع، پائیدار اور قابلِ عمل امن معاہدہ طے پائے جو تنازع کی بنیادی وجوہات کو حل کرے اور یورپ میں طویل المدتی امن و استحکام کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کی سفارتی حکمت عملی کا مقصد تصادم کے بجائے مکالمے کو فروغ دینا اور عالمی و علاقائی استحکام میں مثبت کردار ادا کرنا ہے۔