ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کی شہادت کے باوجود ملک کے سیاسی نظام کے استحکام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک مضبوط سیاسی ڈھانچے کا حامل ہے جس میں مستحکم سیاسی، اقتصادی اور سماجی ادارے موجود ہیں۔ ان کے مطابق کسی ایک فرد کی موجودگی یا عدم موجودگی اس نظام کو متاثر نہیں کر سکتی۔ وزیر خارجہ نے علی لاریجانی کی شہادت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا سیاسی نظام اداروں پر قائم ہے اور یہ کسی ایک شخصیت پر منحصر نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسا مضبوط نظام موجود ہے جو کسی بھی مشکل صورتحال میں اپنی کارکردگی جاری رکھ سکتا ہے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کی تاریخ میں اس سے بھی بڑے سانحات پیش آ چکے ہیں لیکن اس کے باوجود ریاستی نظام کام کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑی شخصیت رہبر انقلاب کی ہے اور اگر ایسی شخصیت بھی شہید ہو جائے تو بھی نظام اپنی سرگرمیاں جاری رکھتا ہے۔ ان کے مطابق یہی مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچہ ایران کے سیاسی استحکام کی بنیاد ہے اور اسی وجہ سے کسی ایک اہم عہدیدار کی موت سے ریاستی نظام متاثر نہیں ہوتا۔