روایت برقرار : ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو پھر شکست دے دی

Pakistani fans Pakistani fans

روایت برقرار : ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو پھر شکست دے دی

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن گرین شرٹس کی ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ ابتدائی تین کھلاڑی — کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب — صرف 13 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم بھی 34 کے مجموعی اسکور پر صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گرین شرٹس کی طرف سے عثمان خان نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 23 رنز (ناٹ آؤٹ)، شاداب خان 14 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، عثمان طارق اور محمد نواز کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ صائم ایوب 6، سلمان علی آغا 4 اور محمد نواز 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی طرف سے ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تلک ورما اور کلدیپ یادو نے 1، 1 وکٹ لی۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 175 رنز بنائے۔ ایشان کشن نے 77 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جو بھارتی ہدف کی بنیاد بنی۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سوریا کمار یادو 32، شیوم دوبے 27 اور تلک ورما 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ابھیشیک شرما، ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ رنکو سنگھ 11 رنز (ناٹ آؤٹ) بنا کر واپس لوٹے۔ پاکستان کی طرف سے صائم ایوب سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور آخری اوور میں لگاتار دو گیندوں پر دو بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ کپتان سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
میچ کے دوران آئی سی سی چیف جے شاہ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق بھارتی کپتان روہت شرما اور سری لنکا کرکٹ بورڈ کے عہدیداران اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

Advertisement