وزیرِاعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ٹریفک اصلاحات پر فوری عملدرآمد

Lahore Traffic Police Lahore Traffic Police

وزیرِاعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ٹریفک اصلاحات پر فوری عملدرآمد

اسلام آباد (صداۓ روس)
پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر صوبے میں جدید ٹریفک سسٹم اور اصلاحات پر فوری عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت قانون شکنی کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب پولیس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 195 افراد کو گرفتار اور 3 ہزار 215 مقدمات درج کیے گئے۔ اسی عرصے میں 12 ہزار سے زائد گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا جبکہ 50 ہزار سے زائد چالان جاری کیے گئے۔ بھاری جرمانوں کے باعث حکام کے مطابق صرف ایک دن میں کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں جمع ہوئے۔

ٹریفک پولیس نے دھواں چھوڑنے والی اور ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی خصوصی کارروائیاں کیں۔ گزشتہ ہفتے کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں 2 لاکھ 57 ہزار سے زائد چالان کیے گئے جبکہ 20 کروڑ روپے سے زیادہ جرمانے وصول کیے گئے۔

Advertisement

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہنی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ، سڑکوں پر نظم و ضبط اور محفوظ ٹریفک ماحول کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔